علم الاعداد ۳۔

جن حضرات کے نام کا مفرد عدد ایک ہو ان کی خصوصیات

فہرست

ایسے لوگ زندہ دل ہوتے ہیں ۔ لوگوں کو خوش رکھنا ۔ ان کی عادت ہوتی ہے ۔
مذہبی اعتبار سے سخت ہوتے ہیں۔
عقائد کے اعتبار سے ان میں زبردست استحکام ہوتا ہے ۔
مستقل مزاج ہوتے ہیں ۔
کسی سے مرعوب نہیں ہوتے جلدی سے کسی سے متاثر نہیں ہوتے ۔
اپنی رائے کو مقدم رکھتے ہیں ۔
جلدی سے کسی کو دوست نہیں بناتے ۔ اگر کسی سے دوستی کرلیتے ہیں تو پھر خوب نبھاتے ہیں۔
ایسے لوگوں کی آمدنی کے ذرائع خودبخود پیدا ہوجاتے ہیں۔
ایسے لوگ دوسروں کی مدد کرکے خوش ہوتے ہیں۔لیکن خود کسی سے مدد لینے کے قائل نہیں ہوتے ۔
ایسے لوگ اگر محبت کرنے پر آجائیں تو اپنے محبوب پر سب کچھ نچھاور کردیں۔
ایسے لوگ لڑنے پر آجائیں تو مد مقابل کو ہراکر ہی چھوڑیں ، ہار جیت تو نصیب سے ہوتی ہے لیکن ایک عدد والے لوگ جم کر مقابلہ کرنے کے عادی ہوتے ہیں
ایسے لوگ عام طور پر کینہ پرور نہیں ہوتے لیکن اگر ان کے دل میں کسی کی طرف سے کھٹائی پیدا ہوجائے تو دل مشکل ہی سے صاف ہوتا ہے ۔
بالعموم کامیابیاں ایسے لوگوں کے قدم چومتی ہے ۔
ایسے لوگوں کے دوست کم اور دشمن زیادہ ہوتے ہیں ۔ کیونکہ ایسے لوگ با اصول ہوتے ہیں اور اپنے اصولوں پر سختی سے کاربند ہونے کی وجہ سے انہیں اس مطلب پرست دنیا میں ڈھیروں صدمات برداشت کرنے پڑتے ہیں اور خواہ مخواہ کی مخالفتیں ان کا پیچھا کرتی ہیں ۔

ایک عدد والے لوگ اگر تعلیم یافتہ ہوں

ایسے لوگ اچھے حساب داں بن جاتے ہیں۔
اگر ان کی تعلیم دینی ہو تو ایک اچھے اور ممتاز عالم کی حیثیت اختیار کر پاتے ہیں۔
ایسے لوگوں کو مذہبی کتابوں سے اور متحیر کرنے والے مضامین سے بہت دلچسپی ہوتی ہے ۔
انہیں اگر اچھا ماحول مل جائے تو یہ کندن بن جاتے ہیں اور اپنی مثال آپ ہوجاتے ہیں ۔
ایسے لوگ اگر حاکم اور نگراں ہوں تو اپنی ذمہ داریوں کو بہت ہی خوبی کے ساتھ ادا کریں گے ۔
ایسے لوگ اپنے ماتحتوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ کرتے ہیں اور انہیں خوش رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔
ایسے لوگوں میں گفتگو کی اچھی صلاحیت ہوتی ہے ایسے لوگ اپنے انداز گفتگو سے اپنے سامعین کو بہت جلد متاثر کرلیتے ہیں۔
ایسے لوگ اچھے ڈاکٹر ، اچھے پروفیسر اچھے ادیب و شاعر بن سکتے ہیں ۔
ایسے لوگ تعلیم و تربیت کا پورا فائدہ اٹھاتے ہیں اور تعلیم و تربین ان کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہوتی ہے ۔
ایسے لوگ اچھے سیاست داں بھی بن سکتے ہیں ۔

ایک عدد والے لوگ اگر ان پڑھ ہوں ۔

ایسے لوگ بُرا ماھول ملنے کی وجہ سے ضدی ہو ہٹ دھرم بن جاتے ہیں اور بات بات پر جھلّاتے ہیں۔
ایسے لوگ اگر کسی کی مخالفت کرنے پر آجائیں تو لڑنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے اور یہ جہالت پر نہیں بلکہ جہالت خود ان پر سوار ہوجاتی ہے۔
ایسے لوگ جنگ میں ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں کیونکہ ان میں لڑنے جھگڑنے کی اور اپنے دشمن پر حاوی ہونے کی صلاحیت خوب ہوتی ہے ۔
یہ لوگ شکست کھانے کے بعد پھر لڑائی کی تیاری شروع کر دیتے ہیں۔
ایسے لوگوں کی زندگی شور شرابے میں گزرتی ہے ۔
قتل و غارت گری ان کے بائیں ہاتھ کا کام ہوتا ہے ۔
ایسے لوگ بے حد جری ہوتے ہیں ۔ اور کسی نہ کسی سے بھڑتے رہنا ان کی عادت ہوتی ہے ۔
ایسے لوگ اگر گھر میں ملازم رہیں تو ان کی نگرانی بہت ضروری ہے کیونکہ یہ کسی بھی تخریب کاری میں مبتلا ہو سکتے ہیں ۔
ایسے لوگ بالعموم جھوٹ بولنے کے عادی ہوتے ہیں ایسے لوگ عورتوں کے معاملے میں بہت کمزور ہوتے ہیں۔

جن خواتین کے نام کا مفرد عدد ایک ہو ان کی خصوصیات

ایسی عورت بہت ٹھوس مزاج کی ہوتی ہے ۔
ایسی عورت کے ارادے بہت مستحکم ہوتے ہیں ۔
ایسی عورت اپنے غصہ کو دل میں دبا کر رکھتی ہے ۔
ایسی عورت اگر کوئی کام کرنے کی ٹھان لیتی ہے تو اسے کرکے ہی چھوڑتی ہے ۔
ایسی عورت کو مسخرکرنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔
ایسی عورتیں دوسروں کو اپنی رائے پر چلانے کی عادی ہوتی ہے ۔
ایسی عورتیں جلدی سے ناراض نہیں ہوتیں لیکن اگر ناراض ہوجائیں تو پھر جلدی سے راضی نہیں ہوتیں۔
ایسی عورتیں جلدی سے کسی کو اپنی سہیلی نہیں بناتیں لیکن با اخلاق اور بامروّت ہونے کی وجہ سے سب سے دوستوں کی طرح پیش آتی ہے ۔
ایسی عورتوں کا عقیدہ مضبوط ہوتا ہے اور انہیں ان کے اپنے عقائد سے کوئی ادھر اُدھر نہیں کر سکتا۔
ایسی عورتیں بہت ہوشیار اور دوراندیش ہوتیں ہیں جلدی سے کسی سے مرعوب نہین ہوتیں۔

ایک عدد والی عورتیں اگر تعلیم یافتہ ہوں

ایسی عورتوں کو سائنس ، حسابیات ، اور اسلامیات سے بہت دلچسپی ہوتی ہے
حد سے زیادہ ذہین ہونے کی وجہ سے اپنی ہم جولیوں میں ممتاز ہوتی ہیں ۔
ایسی عورتیں شروع شروع میں تعلیم سے دل چراتی ہیں بعد میں خود کو تعلیم کے لئے وقف کر دیتی ہیں۔
ایسی عورتوں کو پڑھانے کا بہت شوق ہوتا ہے۔
ایسی عورتیں اچھی ٹیچر بن سکتی ہیں۔
ایسی عورتیں تعلیم کی راہوں میں بہت ترقی کرتی ہیں۔
ایسی عورتیں کسی بھی اسکول کی اچھی پرنسپل بن سکتی ہیں۔
ایسی عورتیں اچھی ڈاکٹر اچھی نرس اور اچھی سکریٹری آفس بن سکتی ہیں۔
ایسی عورتیں اپنی ترقی کے لئے کسی کی خوشامد کرنا پسند نہیں کرتیں۔
ایسی عورتیں قابل لوگوں سے بہت جلد متاثر ہوجاتی ہیں خود قابل ہوتی ہیں اور قابلیت کو پسند کرتی ہیں۔

ایک عدد والی خواتین اگر اُنۡ پڑھ ہوں۔

ایسی عورتوں کا مزاج بہت چڑچڑا ہوتا ہے ۔ یہ بات بات پر بگڑ سکتی ہیں
بہت خود سر ہوتی ہیں۔ جلدی سے کسی کی نہیں مانتی ہیں۔
غصہ کچھ زیادہ ہی ہوتا ہے ۔ اگر گھریلو زندگی میں غصہ غالب رہتا ہے ۔
اگر اچھا ماحول مل جائے تو اعتدال پر رہتی ہیں ورنہ گھمنڈ اور تکبر میں مبتلا ہوجاتی ہیں۔
شوہر کو غلام بنا کر رکھتی ہیں اوور سسرال والوں سے بنا کر نہیں رکھتیں۔
ایسی عورتوں کے اپنے پڑوسیوں سے اکثر جھگڑے ہوتے ہیں کیونکہ یہ جلدی سے کسی کو اپنا نہیں بناتیں اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر ناطے توڑنے کی باتیں کرتی ہیں۔
ایسی عورتیں کسی بھی وقت کسی سے بھی اپنے تعلقات منقطع کرلیتی ہیں۔
ایسی عورتیں کسی بھی وقت اپنا وقار اپنی کسی غلط خواہش کی وجہ سے ختم کر دیتی ہیں۔
ایسی عورتیں اگر چہ وفادار ہوتی ہیں لیکن شوہر کو اپنا غلام بنا کر رکھنا پسند کرتی ہیں اور حد سے زیادہ سکّی مزاج ہوتی ہیں۔
ایسی عورتوں میں خرچ کے معاملے میں احتیاط سے زیادہ ہوتی ہے البتہ کھانے پکانے کی شوقین ہوتی ہیں اور کھانے پکانے میں خوب خرچ کرتی ہیں

مرکب عدد کی کرشمہ سازیاں

کسی شخص کا مفرد عدد ایک لا محالہ ۳ مرکب عددوں سے بنے گا
ایک عدد والے شخص کا مرکب عدد یا تو ۱۰ ہوگا یا ۱۹ ہوگا یا ۲۸ ہوگا۔
اگر کسی شخص کا مفرد عدد ایک ہے اور وہ ایک ۱۰ عدد سے بنا ہے تو ایسا شخص صاحب عظمت ہوگا ایمان و یقین کی دولت سے سرفراز ہوگا اگر چہ عروج و زوال کی کشمکش سے اس کو دوچار ہونا پڑے گا لیکن زوال آنے کے بعد بہت جلد وہ پھر عروج پا لے گا ایسے شخص کی نیکی اور بدی اور اس کی شہرت اس کی اپنی خواہش کے مطابق ہوگی ایسے شخس کے تمام ارادے اور تمام منصوبے پورے ہوجاتے ہیں۔
جس انسان کا مفرد عدد ایک ہوگا اور مرکب عدد ۱۰ تو ایسے شخص کو قدم قدم پر کامیابیاں عطا ہوں گی اور ایسا شخص جہاں بھی جائے گا وہیں اپنی دنیا بسانے اور بنانے میں کامیاب ہوجائے گا ۔
کسی خاتون کا مفرد عدد ایک اور مرکب عدد ۱۰ ہو تو ایسی خاتون خوش حال زندگی بسر کرتی ہے اور شادی کے بعد اپنی سسرال میں اپنا مقام اپنی خواہش کے مطابق بنا لیتی ہے مرکب ۱۰ عدد والی عورت کی تمام تمنائیں ایک ایک کرکے پوری ہوجاتی ہیں اور وہ جس محفل میں جاتی ہیں سب کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہے کیونکہ اس میں دوسروں کو لبھانے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے کسی شخص کا اگر مفرد عدد ایک ہو اور یہ ایک ۱۹ سے بنا ہو تو ایسا شخص اپنی زندگی میں زبردست کامیابیاں حاصل کرتا ہے ۔
جن حضرات کا مرکب عدد ۱۹ ہوتا ہے وہ بالعموم صاحب اقتدار ہوتے ہیں اور اپنے عہدے کو اپنی صلاحیتوں سے سنبھالے رکھتے ہیں ۔ ۱۹ سے بنا ہوا مفرد عدد ایک حد سے زیادہ کامیابی اور کامرانی کا مظہر ہوتا ہے اور انسان کو نت نئی خوشیاں اور بھلائیاں عطا کر تا ہے ۔ ۱۹ کا عدد سورج سے جڑا ہوتا ہے سورج جیسی روشنی اور توانائی اس عدد میں ہوتی ہے جس کا مرکب عدد ۱۹ ہوگا اس کو عروج و ترقی سے روکنا آسان نہیں ہوگا ۔ ۱۹ عدد والے شخص میں زبردست قوت مقناطیسیت ہوتی ہے جو اس کو لوگوں مین مقبول اور ممتاز بناتی ہے ۔ اگر کسی خاتون کا مفرد عدد ایک اور مرکب عدد ۱۹ ہو تو ایسی خاتون مختلف دولتین اپنے دامن میں سمیٹ لیتی ہیں اور جہاں جاتی ہے وہاں اس کو نمایاں مقام حاصل ہوجاتا ہے مرکب ۱۹ عدد والی خاتون اپنی سسرال میں بھی حکمرانی کرتی ہے اور سسرال میں بھی اس کو مائیکہ والا سکون حاصل ہوتا ہے ۔
جس شخص کا مرکب عدد ایک ہو اور یہ ایک ۲۸ سے بنا ہوا ہو تو ایسا شخس اگر چہ کامیابیاں حاصل کرلیتا ہے لیکن ہر جگہ اس کی مخالفت کرنے والے موجود ہوتے ہیں اور ہر مقام پر اس کو مختلف خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
مرکب ۲۸ کا عدد اختلاف کی علامت ہے جس شخص کا مفرد ایک اور مرکب عدد ۲۸ ہوگا اس کو اپنی زندگی میں قدم قدم پر نئے نئے اختلافات کا سامنا کرنا پڑے گا ہر طرف بدخواہوں اور حاسدوں کی یلغار ہوگی اگر وہ محتاط رویہ اختیار نہیں کرے گا تو کسی بھی وقت کسی بھی سازش کا شکار ہوجائے گا ۔۲۸ عدد والے کو تجارت میں بھی نقصانات کا اندیشہ ہوتا ہے ۔ کیونکہ تجارت و کاروبار میں بھی لوگ اس کو پیچھے دھکیل دیتے ہیں اور اس کی ترقی کی راہوں میں روڑے اٹکاتے ہیں ۔ مستقبل کے لئے یہ عدد مبارک ثابت نہیں ہوتا بلکہ اپنے حامل کے لئے قدم قدم پر کامیابیوں کے باوجود مشکلات کھڑی کرتا ہے ۔ جس خاتون کا مفرد عدد ایک اور مرکب عدد ۲۸ ہو اس کی شادی میں رکاوٹیں پڑتی ہیں اور دوران رشتہ اس کو مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے شادی کے بعد مرکب عدد ۲۸ والی خاتون اپنی نندوں اور جٹھانیوں یا دیورانیوں کی سازشوں کا شکار ہوجاتی ہے ۔ اور اپنے شوہر کی اپنی خواہشوں کے مطابق محبت اور توجہ حاصل نہیں کر پاتی ۔۲۸عدد والی خاتون خوشیوں میں بھی رنجیدہ اور ملول رہتی ہے کیونکہ قدم قم پر اس کو مخالفتوں اور ریشہ دوانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ مرکب ۲۸ عدد والی خاتون اگر چوکنی نہ رہے تو کسی بھی وقت ذلت و رسوائی اور شکست و پامالی کا شکار ہو سکتی ہے ۔

تاریخ پیدائش مطابق عیسوی

کسی ماہ کی پہلی تاریخ میں پیدا ہونے والے خواتیں و حضرات ۔۔۔ کامیاب زندگی گزارتے ہیں بشرطیکہ ان کا نام ان کی تاریخ کے مطابق ہو ۔ یہ لوگ اچھے مزاج کے ہوتے ہیں اور ان مین سنجیدگی ہوتی ہے ۔جن خواتین و حضرات کی تاریخ پیدائش ۱۰ ہوتی ہے یہ لوگ تمام خوشیوں کو اپنے دامن میں سمیٹ لیتے ہیں اور خوشیوں کو دوسروں میں بھی تقسیم کرتے ہیں انہیں بہت ساری کامیابیاں زندگی میں حاصل ہوتی ہیں جو ان کی اپنی ذاتی کوششوں کا نتیجہ ہوتی ہے ۔
جن خواتین و حضرات کی تاریخ پیدائش ۱۹ ہوتی ہے ان میں دوسروں پر حکومت کرنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے یہ کامیاب حکمراں بن سکتے ہیں ان کے اقتدار کو چیلنج کرنا آسان نہیں ہوتا اور انہیں بام عروج پر پہنچنے سے روکنے والا خود گر جاتا ہے ۔ لیکن ان لوگوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
جن خواتین و حضرات کی تاریخ پیدائش ۲۸ ہوتی ہے تو ایسے خواتین و حضرات اگر چہ کامیاب زندگی گزارتے ہیں لیکن کسی بھی وقت کسی غلط آدمی پر اعتبار کرکے بڑا نقصان اٹھا سکتے ہیں ۔ ۲۸ تاریخ کو پیدا ہونے والے حضرات کو بہت سی مخالفتوں اور یورشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اور زندگی میں کئی بار کامیابیوں کے قریب پہنچ کر بھی یہ لوگ کامیابیوں سے محروم ہوجاتے ہیں کیونکہ بد خواہی اور سازشیں کرنے والے لوگ ان کا نام میں دم رکھتے ہیں۔
تاریخ ماہ و سن کا مجموعی اعداد کا مرکب عدد اگر ایک ہو تو خوشی کی علامت ہے اگر ۱۰ ہو تو خوشی اور کامیابی کی علامت ہے ۔ اگر ۱۹ ہو تو خوشی ، کامیابی اور اقتدار کی علامت ہے اگر ۲۸ ہو تو ایسی کامیابی کی علامت ہے جس کو قدم قدم پر خطرات درپیش ہوں۔

ایک عدد والے خواتین و حضرات کا خصوصی وظیفہ

اگر مرکب عدد ۱۰ ہو تو "یا مومن”۱۳۶ (ایک سو چھتیس) مرتبہ نماز فجر کے بعد پڑھنا چاہئے ۔
اگر مرکب عدد ۱۹ ہو تو "یا رحمن”۲۹۸ مرتبہ مغرب کی نماز کے بعد پڑھنا چاہئے ۔
اگر مرکب عدد ۲۸ ہو تو "یا سمیعُ یا مجیبُ” ۲۳۵ مرتبہ عشاء کی نماز کے بعد پڑھنا چاہئے ۔
اسمائے الہی کے یہ وظیفے صاحب عدد کو یقیناً فائدہ پہنچائیں گے اور ان کی رکاوتوں کو اگر درپیش ہوں دور کریں گے اور ان کی ترقی میں اور اضافہ کا باعث بنیں گے ۔

حسن الہاشمی کی کتاب "اعداد بولتے ہیں” سے اقتباس

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*