آن لائن روحانی میگزین

روحانی علوم ڈاٹ کام

روحانی علوم ڈاٹ کام ان افراد کے لئے یقیناً ایک نیا نام ہوگا جو حالیہ ہی اس ویب پر تشریف لائے ہیں ۔ لیکن وہ افراد جوجمال جفر ڈاٹ کام کے بارے میں جانتے تھے یا وزٹ کرتے رہے ہیں وہ بخوبی جانتے ہیں کہ جمال جفر کا نام روحانی علوم ڈاٹ کام میں تبدیل کیا گیا ہے ۔

اکتوبر سن 2004عیسوی میں آن لائن روحانی میگزین جمال جفر پاکستان پہلی مرتبہ انٹرنیٹ کی دنیا میں پبلش کیا گیا ان پانچ سالوں کے دوران علم جفر، علم رمل ، علم الاعداد، علم النقوش، علم الحاضرات، تسخیرات ارواح،مراقبہ ، ٹیلی پیتھی ، ہپناٹزم، مسمریزم، جفر آثار،علم نجوم ،حروف صوامت وغیرہ پر بہتر سے بہترین مضامین شائع کئے گئے ۔اس دوران نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک سے بھی سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ۔جہاں علوم روحانی کو جدید انداز میں پیش کیا وہاں ان علوم میں آسانی پیدا کرنے کے لئے ادارہ کی جانب سے مختلف سوفٹوئیرز بھی متعارف کروائے گئے جن میں استخراج ساعات، طالع وقت کا استخراج اور مشہور زمانہ جفری مستحصلہ طرح عناصری/افلاکی جسے علامہ شاد گیلانی مرحوم کے نام سے وقف کر کے قارئین کی خدمت میں پیش کیا گیا ۔ویب کو ہر ماہ اپ ڈیٹ کر دیا جاتا تھا جس کے باعث ویب ایک آن لائن میگزین کی صورت میں تبدیل ہوگئی ۔ کئی لوگوں نے مخفی علوم سیکھنے کی خواہش ظاہر کی جس کے پیش نظر انسٹیٹیوٹ آف آکلٹ سائنسز کی بنیاد رکھی گئی ۔

اس دوران مفت میں علمی خزانے لٹانے پر مجھ پر کافی دبا ؤ بھی رہا کہ اس سلسلے کو بند کیا جائے شاید ان حضرات کو اس طرح علوم روحانیات کی نشر و اشاعت پسند نہ آئی لیکن ہم نے ہمت ہارنے کی بجائے مزید علوم روحانی کے فروغ کے لئے محنت شروع کر دی اور اس طرح آن لائن روحانی بک اسٹور کی ابتداء کی ۔ جس میں صدیوں پرانی عربی ، فارسی ، اور اردو کی نایاب و نادر کتب کا ذخیرہ پیش کیا گیا ۔ گویا جدید سائنس اور قدیم علوم کے باہم اشتراک سے علوم روحانیات کو ایک نیا لباس پہنانے کی کوشش کی گئی۔ بالاخر چند وجوہات کی بناء پر جمال جفر پاکستان کا سلسلہ بند کرنا پڑا اور قارئین نے تین ماہ تک بڑی شدت سے مضامین کا انتظار کیا ۔

جمال (رخ) جفر اپنی نوعیت کا ایک جامع نام تھا لیکن اس میں ایک خامی بھی تھی کہ نام کے لحاظ سے فقط جفری اعمال ہی پیش کئے جانے چاہئے تھے ۔ چنانچہ ایسا نام تجویز کیا گیا جو تمام علوم روحانی کو اپنے احاطہ میں لئے ہوئے ہو ۔ لہٰذا ویب کا نام ہی روحانی علوم ڈاٹ کام تجویز کیا ۔

اس دوران ہم نے انٹرنیٹ کی دنیا میں بھی ایک واضح تبدیلی محسوس کی جہاں لوگوں نے علوم روحانیات میں دلچسپی لینا شروع کی وہیں چند احباب اور صاحب علم حضرات نے بھی علوم روحانیات پر اردو زبان میں ویب پیش کیں ۔ جو یقیناً ایک خوش آئیند عمل ہے ۔ لیکن چند ویب سائٹس نظروں سے ایسی بھی گزریں جن کے بنانے والوں نے من و عن ہماری ہی ویب سے تعارفی جملے اپنی ویب پر نقل کر لئے ہمیں ان سے کوئی شکایت نہیں لیکن ویب بنانے والے ایک جملہ بھی اپنی جانب سے تحریر میں تبدیل نہ کرپائے یقیناً یہ بات ان کی علمی قابلیت کو واضح کرتی ہے

ہمارا ویب کو بنانے کا مقصداور وجہ اب بھی وہی ہے جو جمال جفر کو پیش کرتے وقت تھا پھر بھی واضح کر دیں کہ

عرصہ دراز سے علوم روحانیات کے موضوع پر لاتعداد کتب شائع ہوچکی ہیں مگر کسی بھی صاحب فن نے اسے انٹرنیٹ پر پیش کرنے کی کوشش نہیں کی ۔موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے ایسے میں جہاں دیگر علوم پر ریسرچ کی جا رہی ہے وہاں ضرورت اس امر کی ہے کہ صدیوں پرانے ہمارے اسلاف کے علوم پر بھی جدید تحقیقات کی جائیں ۔

ہمارے اس دور جدید میں علوم روحانیات کو صرف توہم پرستی میں ہی شمار کیا جاتا ہے ۔ایسا کیوں ہے ؟ شاید اس کی وجہ وہ عاملین بھی ہوں جن کی وجہ سے یہ پاک علم بدنام ہو رہا ہے ۔اکثر دیکھا گیا ہے کہ فٹ پاتھ پر بیٹھنے والے جنہیں اللہ کا نام تک لینا نہیں آتا وہ بھی روحانیت میں کمال کا دعویدار ہے ۔ہمارے عوام کے ذہنوں میں سفلی اعمال ، سحر و جادو ، جفر و نجوم ، نورانی اعمال یا ٹوٹکے وغیرہ جادو کی فہرست میں ہی شمار ہیں۔

ہمارے ہاں عملیات کی جو کتب دستیاب ہیں ان میں بھی نقل در نقل کا سلسلہ اس قدر زور پکڑ چکا ہے کہ اب ان کی تصحیح کرنا بھی بہت مشکل ہوکر رہ گیا ہے ۔ایسے میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ اکثر حضرات بازار سے دو چار کتاب خرید کر لاتے ہیں اور عامل بن جاتے ہیں۔

کیا درحقیقت عامل بننا اتنا ہی آسان ہے ؟
کیا درحقیقت علوم روحانی کا حصول اس قدر آسان ہے ؟

ہم کوشش کر رہے ہیں اور یہی ہمارا مقصد ہے کہ وہ حقائق قارئین کے سامنے لائیں جائیں جن سے حقیقت سمجھی جا سکے ۔ہمارے ملک میں بیشتر عاملین نے اجازت دینے کے سلسلے کو کمائی کا ذریعہ بنا رکھا ہے کیا درحقیقت وہ اجازت دینے کے مجاز بھی ہیں ؟۔ ایسے بے شمار حقائق کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی جائیگی کہ جن کے پڑھنے کے بعد آپ کو حقائق علوم روحانی سمجھ آسکیں۔

ویب پر شائع کردہ تمام اعمال کی ہر طالب علم کو اجازت ہے کسی قاری کی سمجھ میں کوئی بات نہ آسکے تو بلا دریغ رابطہ کر کے مفت معلومات حاصل کر سکتا ہے ۔

اس دور میں ضرورت تھی کہ ہم اپنے اسلاف کے علم سے استفادہ کریں ان تمام باتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے اپنے معزز قارئین کے لئے انسٹیٹیوٹ آف آکلٹ سائنسز کا بھی اجراء کیا ہے ۔ گویا علوم روحانی کی تاریخ میں یہ پہلا ادارہ ہے جو علوم روحانی کی اشاعت بذریعہ انٹرنیٹ اردو زبان میں کر رہا ہے اب آپ اپنا روحانی شوق بذریعہ انٹرنیٹ بھی پورا کر سکیں گے ۔ علم جفر، نجوم ، رمل ،نقوش ،اعداد ، علم النفس،پامسٹری ،مراقبہ،ہپناٹزم،مسمریزم،ٹیلی پیتھی ، حاضرات الارواح،وغیرہ ۔۔۔ جیسے موضوعات کو سلسلہ وار پیش کیا جائے گا تاکہ وہ حضرات بھی استفادہ کر سکیں جو اس شعبہ میں مبتدی کی حیثیت سے داخل ہو رہے ہیں ۔

جدید سائنس کے اس دور میں یہ ایک ایسا الیکٹرانک جریدہ ثابت ہوگا جس کا مطالعہ کرنے کے بعد آپ پورے وثوق سے کہہ سکیں گے کہ آپ آن لائن روحانی میگزین سے مستفید ہو رہے ہیں ۔ ہماری انتہائی کوشش ہوگی کہ شائع ہونے والے مضامین کو انتہائی عام فہم زبان میں تحریر کریں تاکہ کم پڑھا لکھا طبقہ بھی بآسانی سمجھ کر فیض حاصل کر سکے۔ اس کے علاوہ ہم مستقبل میں مزید روحانی علوم پر مبنی سوفٹوئیرز بھی پیش کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں جو یقیناً علوم کی تاریخ میں ایک نیا باب ثابت ہونگے ۔

محمدحسن
آن لائن روحانی میگزین
روحانی علوم ڈاٹ کام